پیار و محبت کو مسلمانوں کی کمزروری نہ سمجھا جائے، ہم قبلہ اول کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں؛ڈپٹی کمشنرمظفر گڑھ یکجہتی فلسطین ریلی سے خطاب

22

مظفر گڑھ، 21مئی ( اےپی پی): ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ اسلام دین الہٰی ہے جو روئے زمین پر پیار اور محبت سے پھیلا، اس پیار و محبت کو مسلمانوں کی کمزروری نہ سمجھا جائے، ہم قبلہ اول کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، ہم پر حدود و قیود اس لئے لازم ہیں کہ ہم نے دنیا کے قوانین کو مانا ہوا ہے لیکن مسلمانوں کو ان حدود و قیود میں قید نہ سمجھاجائے جب بھی مسلمان کو مسلمان کی ضرورت پڑی اور حکومت وقت نے اجازت دی تو دنیا دیکھے گی کی مسلمان اپنی حفاظت خود کرنا جانتے ہیں۔

 یہ بات ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانے والی ایک ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھی وہ وسائل اور طاقت ہے جو کسی دوسرے کے پاس ہے اور ہم فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم سن لے کہ ہم اللہ کے دین کے پھیلانے میں، قبلہ اول کی حفاظت اور مسلمانوں کی مدد میں کوئی شک نہیں رکھتے۔ ہمارے جذبے، دل اور خون فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں جب بھی ضرورت پڑی ہم ساتھ کھڑے ہونگے۔

قبل ازیں عبدالمعبود آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں مسلمانوں پر جو ظلم و ستم اور بربریت جاری ہے، مردوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں اورہم فلسطین کے مسلمان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل کا ظلم ختم نہیں ہوگ ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام عالم کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں ہم فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کی پالیسی کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں۔

 اس موقع پرسماجی رہنما ام کلثوم سیال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب مسلمان یکجا اور اکٹھے ہیں اور فلسطین کے مسلمان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم فلسطین کی مسلمان کے ساتھ آخری سانس تک ساتھ کھڑے ہونگے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین کی قیادت میں ڈی سی آفس سے جھنگ موڑ تک ریلی نکالی گئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس جام آفتاب حسین، سی ای او تعلیم کوثر حسین بخاری، سی ای او صحت ڈاکٹر مہر محمد اقبال، ڈی ایس پی شہزاد، ڈی او زتعلیم اکبر بخاری، مہ جبین، شاہد سیال، سی او مونسپل کارپوریشن محمد خان، ایکسین ہائی وے رانا محمد عمیر، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کاظم حسین، مرزا مدثر، ضلعی صدر این جی اوز ظفر اقبال گورمانی، انجمن تاجران سے امیر حسن، ملک جاوید اختر، تاجر اتحاد سے مون شیخ، مظفر جانگلہ، سول سوسائٹی سے ناظم بلوچ، رانا محمد افضل، سول ڈیفنس آفیسر غلام یاسین، ایپکا عہدیدار، ٹائیگر فورس کے رضا کار، اساتذہ کی تنظیم سے عبدالغفار کاکڑ، ذوالفقار ندیم، سمیت ریسکیو 1122کے اہلکار، سرکاری ملازمین اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

 ہیڈ کوارٹر پر بھی فلسطینی کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور نمازیوں نے بعد نماز جمعہ مساجد میں فلسطینی مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگی۔