اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں سے دنیا اور خطہ میں اقتصادی ترقی کے شاندار مواقع پیدا ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو چین کے سفیر نونگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے سی پیک، پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ، ویکسین کی فراہمی میں تعاون ، اعلیٰ سطحی دوروں سمیت پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان اور چین کے سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ کے ساتھ سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی حالیہ ٹیلی فون پر گفتگو کا ذکر کیا ، یہ سفارتی تعلقات چین اور پاکستان کے درمیان شاندار تعاون کے عکاس ہیں۔ وزیراعظم نےحکومت پاکستان کی طرف سے سی پیک کو دی جانے والی ترجیح کا اعادہ کیا اور سی پیک منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے عزم کو دہرایا ۔ چینی سفیر نے وزیراعظم عمران خان کو رواں سال جولائی میں سی پی سی و رلڈ پولیٹیکل پارٹیز سمٹ میں شرکت کیلئے چین کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے دعوت دی۔ وزیراعظم نے ورچوئل سمٹ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔ چین کے سفیر نے یقین دلایا کہ ان کا ملک کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی ضروریات کو پورا کرنے کو اولین ترجیح دے رہا ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک تعاون کے مقاصد کے حصول کیلئے اعلیٰ سطحی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔