ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی فلسطین کے سفیر سے ملاقات، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت

17

اسلام آباد، 19 مئی  (اے پی پی):  ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری  نے بدھ کے روز  پاکستان  میں قائم فلسطینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں  تعینات  فلسطین کے سفیر احمد جواد اے رابی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی اسپیکر نے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  فلسطین کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کی حکومت اور عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے مسلسل فضائی حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی  حملوں کی بدولت  معصوم فلسطینی کی شہادتیں واقع ہوئیں ہیں   جن پر پاکستان عوام انتہائی  افسردہ ہیں اور اس مشکل وقت میں وہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان مسجد الاقصیٰ جو مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، کے تقدس کو پامال کرنے اور معصوم عبادت گزاروں پر کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔انہوں نے  کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک میں اپنے تمام ہم منصبوں کو مراسلہ جات ارسال کیے ہیں۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ بانی پاکستان نے اسرائیل کے قیام کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیااور اسے تسلیم کرنے سے انکار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بانی پاکستان کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس پر عمل پیرا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر نے مزید بتایا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے 17مئی 2021کو مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرادارمتفقہ طور پر منظور کی ہے جس میں  فلسطینی عوام پر اسرائیلی بربریت کی پرزور مذمت کی گئی ہے اور عالمی برادری کو اسرئیلی جارحیت کو رکوانے کے لیے فوری اقدامات اُٹھانے کا کہا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گااور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فلسطینی تنازع کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن جدوجہد  جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی  کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کرنے کے علاوہ  ترک صدر، سعودی فرمانر اور صدر محمود عباس سے ٹیلی فون پر بات  بھی کی ہےاور اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل وضع کرنے کا کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی  نے فلسطین، ترکی،سعودی عرب، مصر،چین ،امریکہ اور سوڈان کے وزراے خارجہ کے ساتھ اجتماعی ردعمل پر بات چیت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ نے او آئی سی کے وزراے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی اور فلسطین کا معاملہ پیش کیا جس میں فلسطینی عوام پر ہونے والے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے فلسطینی سفارتخانے میں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

فلسطین کے سفیر نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی  قاسم خان سوری کو فلسطین کی تازہ صورتحال اور اسرائیل کے حالیہ حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرنے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پاکستان سے گہری وابستگی رکھتے ہیں اور پاکستانی عوام کو اپنا بھائی اور مخلص دوست تصور کرتے ہیں  جو ہر مشکل وقت میں  اُ ن کا ساتھ دیتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حوصلے انتہائی بلند ہیں، اسرائیل بربریت اور مظالم کے ذریعے فلسطینی عوام کو مسئلہ فلسطین کے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹایا جا  سکتا۔