میرپورخاص، 20 مئی(اے پی پی): ڈپٹی انسپکٹرجرنل آف پولیس میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر نے حیدرآبا روڈ پر واقع قطر حکومت کی تعاون سے تعمیر شدہ پاکستان بیت المال کے زیر نگرانی چلنے والے یتیم بچوں کے سینٹر اور جاپان حکومت کے تعاون سے تعمیر ہونے والے آرٹس کونسل کی زیر نگرانی چلنے والے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر اینڈ سی ایس ایس ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا اور ان اداروں کی بہترین کام پر تعریف کی۔ ڈی آئی جی ذوالفقار مہر نے سماجی تنظیموں اور ان سینٹرز کو چلانے والی منتظمین، ملک راجہ عبدالحق، محمد بخش کپری، شہزادو ملک، سی ایس ایس کی کلاسز کے فوکل پرسن انسپکٹر منیب، قادر شہزاد کوکھر ، نعيم چغتائی، محمد رفيق لغاري سے ملاقات کی۔ ڈی آئی جی ذوالفقار مہر نے کہا کہ میرپورخاص شہر میں اس قسم کے پروجیکٹ چلانے اور یتیم بچوں کی فلاح بہبود اور مستقبل میں نوجوانوں کو سی ایس ایس جیسے امتحان کی تیاری کرانے میں ان اداروں کے منتظمین کا کام قابل ستائش ہے اور یقین دلایا وہ اور انکی رینج میں کام کرنے والے ایس ایس پی میرپورخاص، ایس ایس پی تھرپارکر اور ایس ایس پی عمرکوٹ سی ایس ایس ٹریننگ سینٹر میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس عوام کی جان مال کی حفاظت کے ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دے رہی ہے اور ملک قوم کی بھلائی تعمیر اور ترقی میں اور اچھے عمل میں عملی ساتھ دیں گے۔