ملتان 12مئی(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے لاک ڈاون پر عملدرآمد کے لئے اچانک شہر کی مختلف مارکیٹیوں کا دورہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ محمد عمیر محمود،ایس پی گلگشت ڈاکٹر رضا تنویر اور پولیس کی بھاری نفری بھی انکے ہمراہ تھی۔ڈپٹی کمشنر نے لاک ڈاون کی پابندی کے باوجود دکانیں کھولنے پر پانچ دکانداروں کو گرفتار کرا دیا۔دکاندار گھنٹہ گھر اور اندرونِ شہر کی مارکیٹوں سے گرفتار کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے پیدل چلتے ہوئے گھنٹہ گھر،حسین آگاہی،اندرون بازار اور بوہڑ گیٹ بازار کا دورہ کیا۔انہوں نے چیز اپ اور میٹرو سمیت بڑے مالز اور سٹور کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں اور جرمانے کئے جارہے ہیں۔شہر میں لاک ڈاون پر90 فیصد عمل کیا جارہا ہے۔اور کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کرانے کے حوالے سے ضلع ملتان ٹاپ پر ہے۔یہی وجہ ہے کہ کورونا ایس او پیز پیز پر عملدرآمد کرانے کے نتیجے کورونا کیسسز کی شرح میں کمی آرہی ہے، علی شہزاد نے کہا کہ تاجر برادری اور شہری لاک ڈاون پر عمل کرکے ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ضلع کے تمام پرائس مجسٹریٹس کو لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر کریک ڈاون مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا ہے اور آج سے زیروٹالرنس کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عید نماز کے حوالے سے بھی گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہے جس پر عملدرآمد کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے آئمہ کرام سے ملاقاتیں شروع کردی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلے مقامات پر عید نماز کی ادائیگی کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے آئمہ کرام سے اپیل کی کہ خطبہ اور دعا کا دورانیہ مختصر رکھا جائے۔عید نماز پڑھنے کے لئے جانے والے شہر ماسک ضرور پہنیں، شہری عید نماز کے لئے گھروں سے وضو کرکے جائیں اور جائے نماز لے کے جائیں،ضعیف العمر افراد اور بچے رش والے مقامات پر جانے سے اجتناب کریں،ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اور اپنے خاندان کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے گھروں پر رہیں۔