کامیاب جوان پروگرام ایک انقلابی قدم اور موجودہ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے: شبلی فراز

38

اسلام آباد،27مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر  برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام ایک انقلابی قدم اور موجودہ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔حکومتی اقدامات سے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔وہ جمعرات کو نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار بھی  تقریب میں شریک تھے۔وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی پالیسیوں سے پاکستان بہت پیچھے رہاجبکہ پاکستان سے بعد میں آزادی حاصل کرنے والے ممالک آگے نکل گئے۔انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں کا ہے۔نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر فراہم کر کے ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی سے ہم کنار کیا جا سکتا ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کو ترقی کیلئے درکار ہنر سےآراستہ کرنا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں سے ہماری آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں پالیسیاں چل رہی تھیں لیکن اس حکومت نے ترجیحات کا تعین کیا۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام ایک انقلابی قدم ہے۔نئی نسل نے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا کر ملک کو آگے لیکر چلنا ہے۔ہمارا یہ پروگرام تمام سیاست سے بالا تر ہے۔