کراچی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، امن و امان کو یقینی بنائیں گے؛شیخ رشید احمد

20

کراچی،26مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کراچی میں امن و امان کے حوالہ سے رینجرز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے، کراچی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، امن و امان کو یقینی بنائیں گے۔

 بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سندھ کے دورے پر پہنچ گئے۔ وزیر داخلہ سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ امن و امان کے حوالے سے سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر گئے جہاں ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل افتخار حسن  چوہدری نے وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر وزیر داخلہ کو بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز پر غور  کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ڈی جی رینجرز کی طرف سے کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،امن و امان یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پرامن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سندھ آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز کا  کراچی میں امن و امان کے حوالے سے کردار بہت قابل تعریف ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔

بریفنگ میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔