کرونا ویکسین کی آگاہی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

30

 چنیوٹ، 28 مئی(اےپی پی): کرونا ویکسین کی آگاہی کے حوالے سے قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشن ڈویلپمنٹ کے ہال میں سیمینار کا انعقادکیا گیا جس کی صدارت کے فرائض ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان نے انجام دیے۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران مجید سے ہوا، سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل، ڈاکٹر شفقت رحمان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کرونا ویکسین کے حوالے سے منفی افواہیں گردش کر رہی ہیں جو بے بنیاد ہیں،مقررین کا مزید کہنا تھا کہ کرونا ویکسین سے خون جم جانے، مائیکرو چیپ جسم میں داخل کرنے کی باتیں غلط ہیں ان میں کسی قسم کی صداقت نہیں، مقررین کا کہنا تھا کہ تمام ویکسین ضروری تجربات کی کامیابی اور تمام ویکسین عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ سیفٹی اصولوں کے مطابق استعمال کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں،شہری بلا خوف و خطر کرونا ویکسین لگوائیں، علماء کرام نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا وبائی مرض ہے اور اسکاعلاج سنت عمل ہے لہٰذا ویکسین لازمی لگوائیں۔

سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران عصمت پنوں، اسسٹنٹ کمشنر غزالہ کنول، فضل عباس، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل، ڈاکٹر شفقت رحمان و دیگر تمام اداروں کے افسران،صدر ضلعی تاجران، صدر بار ایسوسی ایشن، این جی اوز کے نمائندگان و دیگر ڈاکٹر حضرات نے شرکت کی۔