پشاور،18 مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ کورونا صورتحال میں طبی عملے کا کردار قابل تحسین ہے، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے شہدا پیکیج کے تحت کورونا سے شہید ہونے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے ورثاء میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت طبی عملے کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان شہداء کے ورثاء کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تمام ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن کا عمل تقریبا مکمل ہوچکا ہے، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو مزید سہولیات بھی فراہم کریں گے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے شہدا پیکیج کے تحت کورونا سے شہید ہونے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے نو ورثاء میں چیکس تقسیم کیے، جبکہ چھ مزید شہداء کے ورثاء کو بھی بہت جلد چیکس دیے جائیں گے، شہدا پیکج کے تحت شہید ہونے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے ورثاء کو 70 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے امدادی چیکس دیے گئے۔ان نو شہداء میں ڈاکٹر شاہ عالم، ڈاکٹر فیصل قریشی، ڈاکٹر سلطان زیب، پیرا میڈک گل وسیم، پیرا میڈک منیر خان، پیرا میڈک وحید خان ، پیرا میڈک عمر جلال، کلاس فور ممتاز خان اور ٹیکنیشن گل علیم شامل ہیں۔