پشاور، 28مئی(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن نے کورونا کی تیسری لہر میں لاک ڈاون کے دوران متاثر ہونے والے دیگر طبقات کی طرح نادار اور مستحق رکشہ ڈرائیوروں کو لاکھوں روپے مالیت کا راشن (فوڈ پیکجز) فراہم کر دیئے جس میں آٹا،گھی،چینی ،چاول، دالیں اور دیگر ضروری اشیاء شامل تھیں۔
اس سلسلے میں مرکز الاسلامی سردار گڑھی جی ٹی روڈ پشاور میں الخدمت کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب کی صدارت میں تقریب منعقد کی گئی
اس موقع پر الخدمت کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب اور جنرل سیکرٹری افتخار احمد نے کہا کہ عالمی وباء کورونا کی تیسری لہر میں شدت سے جہاں زندگی کے دیگر طبقات سے وابستہ افراد متاثر ہوئے وہاں محنت مزدوری کرنے والے محنت کش رکشہ ڈرائیورز بھی شدید متاثر ہوئے ہیں جن کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے الخدمت فاونڈیشن نادار رکشہ ڈرائیوروں کو راشن فوڈ پیکجز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ھے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ھے اور مستحق افراد کو ریلیف کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ھے۔
تقریب میں صوبائی نائب صدر فدا محمد،ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری افتخار احمد اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔