لاہور، 01مئی (اے پی پی): وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب نے کہا کہ گزشتہ سال سے کورونا کی وباء نے پوری دنیا کو متاثر کیا لیکن اس وباء کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن سے ہم نے دیہاڑی دار کا روزگار بندنہیں کیابلکہ احساس کفالت پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ لوگوں کی مالی سپورٹ کی، بڑے شہروں میں مزدوروں کیلئے پناہ گاہیں اور اولڈ ایج بینیفٹ کے ریونیو اور پینشن کو بڑھا دیا گیا ہے۔
سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے پاور لوم کوکباڑ جبکہ فیصل آباد کو ٹکسٹائل کا قبرستان بنادیا تھا، ہم نے ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت زیادہ پروڈکشن کیلئے زیادہ بجلی استعمال کرنے والی انڈسٹری کو بلوں میں ریلیف دیا۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ کراچی کے حالیہ الیکشن میں دیکھا کہ صرف پانچ فیصد لوگوں کا ووٹ لے کر امیدوار اسمبلی میں پہنچا، اتنے ووٹ کے ساتھ کسی پارٹی کی مقبولیت کا اندازہ نہیں لگا سکتے، ہمیں الیکشن ریفارمز اور ای ووٹنگ کی طرف جانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اسمبلی میں بیٹھ کر حکومت کے ساتھ مل کر الیکشن ریفارمز کی طرف آئیں، اوورسیز پاکستانیوں نے روشن اکاؤنٹ میں ایک بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی، پاکستان میں ماضی میں روپیہ کبھی کم ہوکر 25 روپے تگڑا نہیں ہوا، اس سال 500 ارب روپے کسانوں کو جائیں گے،سندھ میں کروڑوں کی گندم چوہے کھا جاتے ہیں ان چوہوں کا شکار کرنے کی ضرورت ہے۔
میاں فرخ حبیب نے مزدوروں کے دن کے حوالے سے کہا کہ آج یوم مزدور ہے، ہم محنت کشوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔