ہنگو، 21 مئی (اے پی پی):فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ضلع ہنگو اور اورکزئی میں مظاہرے کیے گئے جس میں سول سوسائٹی، ہنگو یوتھ اسمبلی اور سیاسی و مذہبی جماعتوں نے شرکت کی اور احتجاجی مظاہروں میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں نعرہ بازی کی گئی۔
ہنگو یوتھ اسمبلی کے زیر اہتمام فلسطینیوں کی حمایت میں مین چوک سے نکالی جانی والی ریلی ریلوے چوک پر پہنچ کر احتجاجی جلسے میں تبدیل ہو گئی۔ ریلی سے سنئیر صحافیوں اسرار احمد اورکزئی، طارق محمود مغل، یوتھ رہنماوں خالد اورکزئی، آصف علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اگر جرات کا مظاہرہ کرتی تو اسرائیل کو فلسطین پر حملے کی جرات نہ ہوتی، اسلامی ممالک کا اسرائیل کے متعلق موقف بھی مبہم اور غیر واضح ہے جبکہ اقوام متحدہ اور امریکہ کی نہتے فلسطینیوں کی شہادت پر خاموشی قابل مذمت ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے ہمیشہ مسلمانوں کی قتل و غارت پر خاموشی اختیار کر کے اپنے دوغلے پن کو واضح کیا ہے،نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی جارحیت مزید برداشت نہیں کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک بالخصوص عرب ممالک اسرائیل کے خلاف اعلان جہاد کریں، اسرائیل کی شکست کے لئے اسرائیلی مصنوعات کا اسلامی ممالک میں مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔