ہیموفیلیا اور تھیلاسیمیاکے مرض میں مبتلا بچوں کو مسلسل خون کے عطیات فراہم کرنے پر علی زیب فاؤنڈیشن اور دیگر این جی اوز خراج تحسین کی مستحق ہیں؛ وزیرمملکت فرخ حبیب

32

فیصل آباد ،29مئی (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہاکہ ہیموفیلیا اور تھیلاسیمیاکے مرض میں مبتلا بچوں کو مسلسل خون کے عطیات فراہم کرنے پر علی زیب فاؤنڈیشن اور دیگر این جی اوز خراج تحسین کی مستحق ہیں جبکہ اللہ کی رضاکی خاطر نیکی کا کام کرنے والی تنظیمیں انسانیت کی خدمت کو آگے بڑھانے میں مؤثر کردار اداکررہی ہیں لہٰذا حکومت ایسی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

ہفتہ کی دوپہر جنرل ہسپتال غلام محمد آباد فیصل آباد کے دورہ اور وہاں علی زیب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قائم بلڈٹرانسفیوژن سنٹر میں خون لگوانے کیلئے آنے والے بچوں کی تیمارداری اور ان کے والدین سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ جن والدین کے معصوم بچے ہیموفیلیا اور تھیلاسیمیا کی بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں ان کے دکھ اور کرب کو وہی سمجھ سکتے ہیں لیکن حکومت اور علی زیب فاؤنڈیشن جیسی انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں این جی اوز ان کے دکھوں کو کم کرنے میں معاون ثابت ہورہی ہیں جو انتہائی احسن اقدام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

فرخ حبیب  نے کہاکہ ہیمو فیلیا اور تھیلا سیمیا کا شکار ہزاروں بچوں کو ہر15روز بعد خون کے عطیات کی ضرورت ہوتی ہے لیکن خدا کا شکر ہے کہ ا س نے ہماری غیور قوم کو یہ شرف بخشا کہ وہ خون کے عطیات دینے میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کرتے جس سے ہزاروں معصوم بچوں کی زندگیاں بچانا ممکن ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کو بیماری کی حالت میں سہارا دینے والے ہمارے ہیرو ہیں اور ہم اللہ سے دعا گوہیں کہ وہ ان بچوں سمیت تمام بیماروں کو شفائے کاملہ عطا فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ علی زیب فاؤنڈیشن کی جانب سے جن مسائل کا ذکر کیاگیا ہے ان کے فوری حل کیلئے تمام اقدامات کو یقینی بنایاجائے گا۔

وزیر  مملکت فرخ حبیب فرداً فرداً بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر کے ہربیڈ پر گئے اور وہاں خون لگوانے والے بچوں سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے والدین سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

 وزیرمملکت نے کہاکہ حکومت شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے جبکہ 31دسمبر 2021تک پنجاب کے ہرشہری کو صحت انصاف کارڈ فراہم کردیاجائے گا جس پر وہ اپنی کسی بھی قسم کی بیماری کی صورت میں اپنے پسند کے ہسپتال اور پسند کے ڈاکٹر سے 10لاکھ روپے تک علاج معالجہ کروانے کے اہل ہونگے۔

انہوں نے بتایاکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں صحت کے شعبہ کیلئے بھاری رقوم مختص کی جارہی ہیں جن سے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور نئے طبی اداروں کا قیام بھی عمل میں لایاجائے گا۔

قبل ازیں علی زیب فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرسید شاہد زیدی نے وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب کو بتایاکہ انہوں نے جنرل ہسپتال غلام محمدآباد فیصل آباد کی انتظامیہ کے تعاون سے یہاں عارضی بنیادوں پر بلڈٹرانسفیوژن سنٹرقائم کررکھا ہے جہاں روزانہ 50کے قریب ہیموفیلیا اور تھیلاسیمیا کاشکار بچوں کو خون لگایاجاتا ہے جبکہ ان کے پاس فیصل آباد اور نواحی اضلاع کے ہیموفیلیااور تھیلاسیمیا کاشکار بچوں کی رجسٹرڈ تعداد4ہزار کے قریب ہے۔انہوں نے کہاکہ علی زیب فاؤنڈیشن کا ادارہ اکتوبر1995سے قائم اورشہریوں کے تعاون سے خون کے عطیات جمع کرکے ہیمو فیلیا اور تھیلاسیمیا کا شکار بچوں کو خون لگارہا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ خون کے عطیات جمع کرنے کے کارخیر میں انہیں شہریوں کا مکمل تعاون حاصل ہے تاہم رمضان کے مہینہ میں کچھ مشکلات کا سامنا رہتا ہے لیکن وہ اس کو بھی حل کرلیتے ہیں لیکن اگر انہیں شہر میں کوئی مناسب جگہ فراہم کردی جائے تووہ خون ذخیرہ رکھنے کا بھی اہتمام کرسکتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو بلڈ لگانے کا عمل بھی مکمل کیاجاسکتا ہے۔