یونیورسٹیوں کا مقصد ایسے ذہن تیار کرنا ہے جو ملکی ترقی اور معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کریں،سینیٹرشبلی فراز

45

اسلام آباد، 17مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے پیر کو کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کیمپس کے مختلف بلاکس اور لائبریری کا دورہ کیا۔ ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی کی جانب سے وفاقی وزیر کو یونیورسٹی کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر شبلی فراز نے کامسیٹس یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ یونیورسٹی پاکستان کا اہم تعلیمی ادارہ ہے، اس لیے اس کی ترجیحی معیار ہونا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی مختلف شعبوں میں معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے لیکن پھر بھی بہتری کی گنجائش اور استعداد موجود ہے، یونیورسٹیوں کا مقصد صرف ڈگریاں بانٹنا نہیں بلکہ ایسے ذہن تیار کرنا ہے جو ملکی ترقی اور معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو وقت کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اب ایمرجنگ ٹیکنالوجیز اور پروڈکٹ ڈویلپمنٹ کی طرف توجہ مبذول کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ہونے والی ریسرچ کو مارکیٹ کی ضروریات پر مبنی ہونا چاہیے تاکہ اس کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔