سفارت خانہ پاکستان  برسلز میں منعقدہ “روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ” ویبنار

19

برسلز، 10 جون  ( اےپی پی):  پاکستان کے سفارت خانہ ، برسلز نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور میزان بینک لمیٹڈ کے اشتراک سے آج ، “روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ” (آر ڈی اے) شریعی سرمایہ کاری اور مالی مواقع کے بارے میں ایک ویبنار کا اہتمام کیا۔

ویبنار سے بیلجیم ، لکسمبرگ اور یوروپی یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ ، بانی صدر اور سی ای او میزان بینک ، عرفان صدیقی ، اور اسٹیٹ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر سید عرفان علی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ، سفیر ظہیر  جنجوعہ نے آر ڈی اے کو حکومت کا جدید اقدام قرار دیا ، جس نے پاکستانی باشندوں کو پاکستان میں اپنے پیاروں کو رقم بھیجنے میں مدد فراہم کی ہے اور بینکنگ خدمات فراہم کرکے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں آسانی پیدا کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال ( جولائی تا اپریل) کے پہلے 10 ماہ کے دوران ، بیلجیم اور لکسمبرگ کی ترسیلات زر میں 270 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو کہ 202.6 ملین امریکی ڈالر ہے جو پچھلے مالی سال کے  اسی عرصے میں 54.8 ملین امریکی ڈالر  تھی       ۔

سفیر نے ترسیلات زر کے بہاؤ میں ریکارڈ اضافے پر پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ رجحان آئندہ بھی جاری رہے گا۔ سفیر نے زور دے کر کہا کہ یہ رجحان حکومت کی معاشی پالیسیوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے لاکھوں غیر مقیم پاکستانیوں کو بینکاری کے جدید حل فراہم کرنے کے لئے ، ستمبر 2020 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کا افتتاح کیا تھا۔ گذشتہ ستمبر میں اس سہولت کے آغاز کے بعد سے ، ایک ارب امریکی ڈالر سے زیادہ ترسیلات زر دیکھی گئیں ہیں ۔