پاکستان و افغانستان مشترکہ علماءکانفرنس کے شرکاءکا افغانستان میں امن و استحکام کے لئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

14

  مکة المکرمہ ۔10جون  (اے پی پی):پاکستان و افغانستان مشترکہ علماءکانفرنس کے شرکاءنے افغانستان میں امن و استحکام کے لئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ پاکستان و افغانستان مشترکہ علماءکانفرنس 10 جون 2021ءکو  مکة المکرمہ سعودی عرب میں منعقد ہوئی ۔جس میں افغان امن کے متعلق متفقہ اعلامیہ شائع کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے  مکة المکرمہ میں  ہونے والی علماء کارنفرنس  میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ افغانستان کی نمائندگی افغان مذہبی امور کے وزیر محمد قاسم حلیمی نے کی۔ سعودی عرب میں تعینات پاکستان اور افغانستان کے سفراءاور اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان و افغانستان کے مندوبین نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ وزیراعظم پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی اور مفتی تقی عثمانی سمیت پاکستان کے جید علماءکرام نے پاکستان سے بذریعہ ویڈیو لنک کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں موجود پاکستان و افغانستان کے تمام علماءکرام نے متفقہ اعلامیہ کی تائید و توثیق کی اور افغانستان میں پائیدار اور دیر پا امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھرپور سراہا۔ متفقہ اعلامیہ کی تیاری اور تکمیل میں علماءکرام کے تعاون اور کردار کو بھی بھرپور سراہا جبکہ علماءکرام نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ افغانستان میں امن و استحکام کے لئے اپنی کوششوں کو جاری و ساری رکھیں گے۔