اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کے ذریعہ 5 ضروری اشیا پرعمومی  سبسڈی دینے میں یکم جولائی سے  توسیع کی کی اجازت دیدی

15

اسلام آباد،28جون  (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کے ذریعہ 5 ضروری اشیا پرعمومی  سبسڈی دینے میں  یکم جولائی سے  توسیع کی  کی اجازت  اور وزارت پیٹرولیم، وزارت خزانہ اورپاکستان سٹیٹ آئل کوپاکستان نیشنل شیپنگ کارپوریشن کوٖغیراداشدہ واجبات کی ادائیگی کیلئے نظام الاوقات دینے کی ہدایت کی ہے، ای سی سی نے کاٹن کی امدادی قیمت کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو 15یوم میں تجاویز اورسفارشات پیش کرے گی۔ اجلاس میں کئی وزارتوں اورڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیرکویہاں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین کی زیرصدارت منعقدہوا۔

اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی 25 جون 2021 کو ایک لاکھ ٹن چینی کی درآمدکیلئے ٹینڈرکھولنے کی سمری کی منظوری دی۔  سال 2021-22 کی کاٹن کی فصل کی امدادی قیمت  کے حوالہ سے وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی تجویز پر ای سی سی نے ایک کمیٹی قائم کی جو اس حوالہ سے 15 یوم میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

وزارت میری ٹائم افئیرز کی سمری پراقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت پیٹرولیم، وزارت خزانہ اورپاکستان سٹیٹ آئل کوپاکستان نیشنل شیپنگ کارپوریشن کوٖغیراداشدہ واجبات کی ادائیگی کیلئے نظام الاوقات دینے کی ہدایت کی۔یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کے ذریعہ 5 ضروری اشیا پرعمومی  سبسڈی دینے میں  یکم جولائی سے  توسیع کی سمری پراقتصادی رابطہ کمیٹی نے یکم جولائی سے 15یوم کی توسیع کی اجازت دیدی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اس ضمن میں ایک کمیٹی بھی قائم کی جو 15 دنوں میں مستقبل کے لائحہ عمل کاتعین کرے گی۔پاورڈویژن کی جانب سے بجلی کے خالص منافع کے غیراداشدہ رقم کی سمری پراقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاورڈویژن اوروزارت خزانہ کودوہفتوں میں واپڈا کی جانب سے مالیاتی تقاضوں کے ممکنہ آپشنز وحل پرمبنی تجاویز وسفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ہوابازی ڈویژن کیلئے ایک کروڑ روپے، این ایس پی پی لاہورکیلئے 73.870 ملین روپے، پاکستان اکیڈیمی فار رورل ڈویلپمنٹ پشاورکیلئے 20.70 ملین روپے، مختلف دفساتر کیلئے تخفیف تفاوت الاونس کے ضمن میں ایک ارب روپے،   بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کیلئے 16.706 ارب روپے،فرنٹئیرکوربلوچستان جنوبی کیلئے وزارت داخلہ کو1012.17 ملین روپے،  امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کیلئے 1.6 ارب روپے، ایف بی آر کیلئے 456.64 ارب روپے، وزارت امورخارجہ کیلئے 2 ارب روپے، وزارت تجارت کے ٹیکسٹائل ونگ کیلئے 8 ارب روپے اوروزارت منصوبہ بندی ترقی واصلاحات کیلئے 5800 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔

 اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین خصوصی، مشیروں اورمتعلقہ اداروں اورمحکموں کے حکام نے شرکت کی۔