پشاور،25 جون(اے پی پی): وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اعلی تعلیم واطلاعات وتعلقات عامہ کامران بنگش نے کہا ہے کہ امید ہے کہ صوبہ کی تمام یونیورسٹیاں اپنے مالی و تعلیمی نظم و ظبط برقرار رکھنے کیلئے اپنے وسائل کا درست استعمال عمل میں لائینگی۔
گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کی ہدایت پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اعلی تعلیم واطلاعات وتعلقات عامہ کامران بنگش کی صدارت میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان کے مالی سال 2021-22 بجٹ سے متعلق الگ الگ سینٹ کے اجلاس جمعہ کے روز گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئے، اجلاس میں مذکورہ یونیورسٹیوں کے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کی ترجیحات اور تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد دونوں یونیورسٹیوں کے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کی عالمی رینکنگ میں بہترین پوزیشن اور تعلیمی و انتظامی عمدہ کارکردگی پر انکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں کو مالی و انتظامی طور پر مستحکم دیکھ کر دلی مسرت ہوتی ہے، امید ہے کہ صوبہ کی تمام یونیورسٹیاں اپنے مالی و تعلیمی نظم و ظبط برقرار رکھنے کیلئے اپنے وسائل کا درست استعمال عمل میں لائیں گی۔
بعدازاں وویمن یونیورسٹی مردان کا سینٹ اجلاس بھی گورنرہاؤس پشاور میں منعقدہوا جس میں یونیورسٹی کے مالی سال2021-22 کے بجٹ کی ترجیحات و تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد باقاعدہ منظوری دے دی گئی
۔مذکورہ یونیورسٹیوں کے الگ الگ سینٹ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی روی کمار اور ظاہر شاہ طورو، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمد ادریس، سیکرٹری محکمہ ہائرایجوکیشن محمد داؤد خان، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ سفیر احمد، وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان پروفیسر ڈاکٹر ظہورالحق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک اور وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی مردان پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین کے علاوہ دیگر متعلقہ سینٹ اراکین نے شرکت کی۔