اوکاڑہ،21جون (اے پی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ ٹیچر ایجوکیشن نے چئیر مین ڈاکٹر خالد سلیم کی زیر نگرانی یوتھ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں مقررین نے طلباء کو مثبت ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تلقین کی۔ سیمینار کے اختتام پہ فوڈ گالا اور ثقافتی سرگرمیاں بھی منعقد ہوئیں۔ سیمینار کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر طاہر خان تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں طلباء کو اس بات کی تلقین کی کہ وہ اپنی ڈگری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ذاتی اور پیشہ وارانہ تربیت بھی حاصل کریں۔ ڈاکٹر خالد سلیم نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا مقصد طلباء میں خود اعتمادی پیدا کرنا اور ان کو جدید دنیا سے چیلنجز سےنمٹنے کےلیے تیار کرنا ہے۔ ان کا مزید کہناتھا کہ ہم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر کے ویژن کے مطابق طلباء کو ہم نصابی سرگرمیوں جیسا کہ اسپورٹس اور کمیونٹی کے فلاحی کاموں کےلیے تیار کر رہے ہیں۔ فوڈ گالا میں طلباء نے مختلف علاقائی ثفافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کھانوں کے اسٹالز لگائے۔ یونیورسٹی کے اساتذہ نےان رنگا رنگ سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔