لاہو، 28جون(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنی مرضی رکاوٹیں ڈال لیں، اورسیز پاکستانیوں کو آئین کے مطابق ووٹ کا حق دیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے پیر کو یہاں گورنر ہاؤس میں تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ انشاء اللہ آزاد کشمیر کا صدر اور وزیر اعظم پاکستان تحر یک انصاف سے ہی ہوگا، وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کیساتھ ساتھ فلسطینیوں کے بھی سفیر ہیں،وزیر اعظم عمران خان آئین وقانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں جس سے وہ ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گےملک میں اداروں میں اصلاحات کے لیے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام ملک کو عدم استحکام کاشکار کر نیوالوں کیساتھ نہیں بلکہ حکومتی بیانہ کیساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکانٹ میں1.5ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری حکومتی پالیسوں پر اعتماد ہے ،پاکستان معاشی سمیت ہر شعبے میں کامیابی سے دنیا میں آگے بڑھ رہا ہے۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وفاقی اورصوبائی حکومت نے عوام دوست بجٹ دیا ہے، وفاقی بجٹ بھی منظور ہوجائے گا ۔اس موقع پر شوکت بسرا نے کہا کہ اپوزیشن قوم کو گمراہ کر نے کی کوشش کر رہی ہے مگر ناکام ہوں گی، انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔