اسلام آباد،1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ این آ ئی ایچ کی کارکردگی پر قوم کو فخر ہے،قوموں کی ترقی میں پڑھے لکھے افراد کا کردار بہت اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قومی ادارہ صحت میں پاک ویک ویکسین کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وفاق تمام صوبوں کے ساتھ مل کر صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 60ارب روپے خرچ کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ پاکستان میں کورونا کے حالات دوسرے ممالک سے کافی بہتر ہے، این سی او سی نے صوبوں کے ساتھ مل کر بہت اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے خطے میں بھارت کو آ کسیجن کی کمی کا سامنا کرنا پڑا،کوروناکی شدید صورتحال میں ہنگامی بنیادوں پر 2ہزار بیڈز کا انتظام کیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کوئی بیماری فیملی اور مذہب کو نہیں دیکھتی ، مسائل کے حل کیلئے فوری فیصلے کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پوری دنیا کے لئے بہت بڑا چیلنج تھا، اللہ کا کرم رہا دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں صورتحال بہتر رہی۔ان کا کہنا تھا کہ وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جہاں علم میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس موقع پروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند سال میں مکمل ویکسین پروڈکشن پاکستان میں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ قومی ادارہ صحت میں 7 ادارے کام کررہے ہیں،ملک کو نیشنل ہیلتھ ڈیٹا سینٹر کی اشد ضرورت تھی،ایک نیا قانون پاس ہونے کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سسٹم بہتر کرنے کے ہر چیلنج میں موقع ملتا ہے، این آئی ایچ کے اگلے عروج کا وقت آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین سے ہماری گہری دوستی ہے ، کورونا کی صورتحال میں بھی چین نےد وستی نبھائی ہے۔











