ملتان،16 جون(اے پی پی): ایوان تجارت و صنعت میں کورونا ویکسینیشن سینٹرکا افتتاح ہوگیا ہے، کمشنر جاوید اختر محمود اور صدر ایوان خواجہ صلاح الدین نے سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا اور سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ سی او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمن گورمانی نے شہری کو کورنا ویکسین لگائی۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کرانا ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے اور کہا ملتان ڈویژن کے ہر شہر گاؤں اور قصبہ قصبہ ویکسین عوام کو ان کی دہلیز تک پہنچائی جارہی ہے، عوام اس قومی فریضہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
کمشنر نے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت ہمیشہ ہمارے ساتھ رہا ہے آج بھی انہوں نے کورونا ویکسینیشن سینٹر قائم کرکے اپنا فرض ادا کیا شہری ایوان تجارت و صنعت کلمہ چوک آکر ویکسین لگوائیں۔
صدر ایوان خواجہ صلاح الدین نے کہا کہ کورونا ویکسین لگوا کر ہم اپنی اور اپنے پیاروں کی جان بچا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت میں کورونا ویکسینیشن کے لیے ہر ممکن سہولیات مہیا ہیں، ہر شہری ویکسینیشن لگوانے کے لیے سینٹر کا وزٹ کریں انہیں ویلکم کریں گے۔