اسلام آباد،15جون (اے پی پی):کومسٹیک نے نجی یونیورسٹیوں کی ایسوسی ایشن آف پاکستان(اے پی ایس یو پی) اور کامسٹک کنسورشیم آف ایکسیلینس کے ممبر اداروں کے اشتراک سے فلسطینی طلباء اور سکالرز کے لئے 500 سکالرشپس کا اعلان کر دیا۔
اس بات کا اعلان کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چودھری نے منگل کو پریس کانفرنس میں کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایپسپ کے 42 ممبر اداروں نے فلسطینی طلبا کے لئے 370 سے زائد وظائف کا وعدہ کیا ہے جبکہ کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسیلینس کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں نے 130 سکالرشپس فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کومسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے کہا کہ فلسطینی عوام قابض فورسز کے ذریعہ جارحیت اور محاصرے میں ہیں۔ فلسطینیوں کو اب اعلی تعلیم اور تحقیقی سہولیات تک محدود رسائی حاصل ہے۔ سات دہائیوں سے زیادہ کے قبضے نے فلسطینی ریاست کے تعلیمی اور سماجی و معاشی بنیادی ڈھانچے کو منظم طریقے سے تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان متاثرہ نوجوانوں کی مدد کے لئے کامسٹیک نے ایک خصوصی پروگرام شروع کیا جس میں فلسطینی طلباء کے لئے تحقیقی فیلوشپس ، تکنیکی ماہرین کی تربیت اور ورکشاپس میں شرکت کے لئے گرانٹ فراہم کی جائے گی اور آج کا اعلان اس پروگرام کے تحت حاصل کیا جانے والا پہلا اہم سنگ میل ہے۔
کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک کے میڈیا ایڈوائزر اور کوآرڈینیٹر انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے پروموشن برائے سوشل سائنسز مرتضیٰ نور نے ریاست فلسطین کے طلباء کو وظائف پیش کرنے پر پاکستانی یونیورسٹیوں کے اعلان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ تنظیموں اور پارٹنر یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر فلسطینی طلباء کے لئے داخلے کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کا مناسب طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔چوبیس ایپسپ ممبر نجی شعبے کی یونیورسٹیوں نے تین سو ستر سکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔ جن میں سپیریئر یونیورسٹی لاہور ، یونیورسٹی آف لاہور ، اقرا یونیورسٹی کراچی ، اباسین یونیورسٹی پشاور ، الحمد اسلامی یونیورسٹی کوئٹہ ، جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی ، سی ای سی او ایس یونیورسٹی پشاور ، گرین وچ یونیورسٹی کراچی ، انڈس یونیورسٹی کراچی ، انسٹی ٹیوٹ آف سدرن پنجاب ملتان ، محمد علی جناح یونیورسٹی ، کراچی ، نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز (فاسٹ) اسلام آباد ، پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد ، قرطبہ یونیورسٹی پشاور ، سرحد یونیورسٹی پشاور ، سی یو ایس آئی ٹی ، پشاور۔ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی ، جامعہ ساؤتھ ایشیاء لاہور ، جامعہ سیالکوٹ ، ٹیکسٹائل انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کراچی ، ایس بی بی دیوان یونیورسٹی کراچی ، مسلم یوتھ یونیورسٹی اسلام آباد، الخیر یونیورسٹی آزاد کشمیر اور یونیورسٹی آف فیصل آباد شامل ہیں جبکہ ایک سو تیس اسکالرشپ تیرہ پبلک سیکٹر کے اعلی تعلیمی و تحقیقی اداروں نے پیش کی ہیں ، جن میں انٹرنیشنل سینٹر برائے کیمیکل اینڈ بیولوجیکل سائنسز (آئی سی سی بی ایس) ، جامعہ کراچی ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ، لاہور ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ، قائد اعظم یونیورسٹی ، اسلام آباد ، نیٹکینٹ یونیورسٹی ، ترکی ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹکنالوجی ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹکنالوجی، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد ، الشفا آئی ٹرسٹ ، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی ، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، یونیورسٹی آف لاہور ، اور پنجاب یونیورسٹی شامل ہیں۔
پروفیسر چودھری نے چیئرمین ایپسپ اور یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا بروقت تعاون کرنے ، اور اس عظیم مقصد میں شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔











