ترقیاتی منصوبوں میں ضم اضلاع کے پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جائے گی؛ وزیر اعلیٰ محمود خان

17

پشاور،8 جون(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں تمام ترقیاتی کام متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے شروع کئے جائیں گے اسلئے منتخب عوامی نمائندگان اپنے اپنے اپنے  علاقوں کی ضرورت کے مطابق ترجیحی ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کریں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ضم شدہ اضلاع کے تمام ممبران صوبائی و قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا جسمیں اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

وزیر اعلی نے ممبران اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے ضم اضلاع کے ذیادہ پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جائے گی اور ان اضلاع کے طبی مراکز میں عملے کی کمی کو پوری کرنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

 وزیر اعلی نے کہا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضم اضلاع میں سیاحت کے فروع کے لئے منصوبے رکھے جائیں گے، اسکے علاوہ ضم اضلاع کے عارضی ملازمین کی مستقلی کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔

 ملاقات کے اختتام پر منتخب عوامی نمائندوں نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مشاورت کرنے پر وزیر اعلی کا شکریہ بھی ادا کیا۔