کوئٹہ،3جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ حکومتی امور میں جدت لانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے ،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے وقت کی بچت کے ساتھ فیصلہ سازی اور حکومتی معاملات میں بہتری آئیگی۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں صوبائی پی ایس ڈی پی کی آٹومیشن اور مانیٹرنگ وایولیشن کا افتتاح کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ڈی پی کی آٹومیشن پر محکمہ پی اینڈ ڈی کی تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،آٹومیشن کے نظام کا دائرہ کار دیگر محکموں تک بڑھایا جائے گا۔ پنجاب سندھ اور پشتونخو ا کی حکومتیں ای بلنگ اور ای ٹینڈرنگ کی طرف چلے گئی ہیں ۔
وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی بدولت نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ عوام کی مشکلات میں کمی آنے کے ساتھ سرکاری آفیسران کو حکومتی امور جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا عمل عام ہونے سے ادارہ جاتی جواب دہی کا عمل سہل ہورہا ہے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال نگرانی کا موثر ذریعہ ہے اور موبائل فون اور جدید ٹیکنالوجی نے امور زندگی مزید آسان بنادی ہے جبکہ آنے والے وقتوں میں انکوائریاں ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی ہونگی ۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کی ترقی میں صوبائی پی ایس ڈی پی کا کردار 70فیصد ہے اس لیے صوبائی ترقیاتی منصوبوں میں جدت لانے کے لیے آٹومیشن کا نظام متعارف کرادیا ہے۔
تقریب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات حافظ عبدالباسط اور پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیع اللہ کاکڑنے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزرا،چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات سمیت دیگر محکموں کے آفیسران بھی موجود تھے۔