حکومت کی ترجیحات اور کامیابیوں کو مزید موثر انداز میں سامنے لانے کیلئے، ہمیں اپنی پبلک ڈپلومیسی کو مزید فعال بنانا ہو گا؛ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

42

اسلام آباد،15جون  (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے   کہ آج پاکستان، اپنے مضبوط بیانیے کی ترویج و تشہیر کیلئے پبلک ڈپلومیسی کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنا موقف ٹھوس انداز میں دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔موجودہ حکومت کی ترجیحات اور کامیابیوں کو مزید موثر انداز میں سامنے لانے کیلئے، ہمیں اپنی پبلک ڈپلومیسی کو مزید فعال بنانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر مضبوط بیانیے کی ترویج کیلئے  منگل کو  وزارت خارجہ میں پبلک ڈپلومیسی کے حوالے سے منعقدہ   اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جہاں ایک طرف ہم نے اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے موقف کو پیش کرنا ہے وہیں ہمیں اپنے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے کو بھی دنیا کے سامنے رکھنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے اس عہد میں ہم اپنے افسران کو روایتی سفارتکاری کے ساتھ ساتھ، پبلک ڈپلومیسی کے رموز سے روشناس کروا رہے ہیں ۔اس ضمن میں، وزارتِ خارجہ میں اسٹریٹیجک کمیونیکیشن ڈویڑن متحرک اور فعال کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے  کہا کہ کرونا عالمی وبائی چیلنج سے جہاں خطرات نے جنم لیا وہاں پبلک اور ڈیجیٹل ڈپلومیسی کی صورت میں ہمیں روابط کے فروغ کیلئے نئے مواقع میسر آئے۔

 اجلاس میں حکومتی بیانیے کی موثر تشہیر اور اہم علاقائی و عالمی معاملات کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو مزید ٹھوس انداز میں سامنے لانے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد ،معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف،  سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔