لاہور، جون 21 (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کی بدولت تمام معاشی اشاریئے مثبت ہو چکے ہیں ، بجٹ آسانی سے منظور ہوگا، اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے، اپوزیشن نے کورونا وباء کے دوران بھی صرف واویلا کیا اور عوام کو تنہا چھوڑے رکھا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن،اراکین صوبائی اسمبلی گلریز افضل اور محمد طارق تارڑ سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال او ر ترقیاتی منصوبوں پربات چیت ہوئی۔ندیم افضل چن، گلریزافضل اور محمد طارق تارڑ نے بہترین بجٹ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے گئے ہیں ،صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے، یہ بجٹ اعدادوشمار کی جادوگری نہیں بلکہ متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویزہے،بجٹ میں کمزور طبقات کو خصوصی ریلیف دیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ بہترین اورمتوازن بجٹ پر اپوزیشن کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے عیاں ہے،اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو،بجٹ پر سیاست چمکانا انہیں زیب نہیں دیتا۔