خیبرپختونخواکی کل 32 پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں میں سے اب تک 22 یونیورسٹیوں کا مالی سال 2021-22 کا بجٹ منظور

17

پشاور،28 جون(اے پی پی): خیبرپختونخواکی کل 32 پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں میں سے اب تک 22 یونیورسٹیوں کا مالی سال 2021-22 کا بجٹ منظور کر لیا گیا ہے، شیڈول کے مطابق   باقی ماندہ یونیورسٹیوں کے سینٹ اجلاس بھی آئندہ 2 روزمیں منعقدہو جائیں گے۔

 گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی زیرصدارت پیر کے روز خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مالی سال 2021-22 بجٹ سے متعلق سینٹ کا اجلاس گورنرہاؤس پشاور میں منعقدہوا۔ اجلاس میں مذکورہ یونیورسٹی کے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کی ترجیحات اور تکنیکی پہلووں کا جائزہ لینے کے بعد بجٹ کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔

 بعدازاں پشاور یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف چترال کے بھی مالی سال 2021-22 بجٹ سے متعلق سینٹ کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے جس میں مذکورہ یونیورسٹیوں کے بجٹ کی ترجیحات اورتکنیکی پہلووں کا جائزہ لینے کے بعد باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔

 یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صوبہ کی پبلک سیکٹریونیورسٹیوں کے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کے سینٹ اجلاس پہلی باراخراجات سے قبل منعقد ہوئے جبکہ ماضی میں اخراجات کے بعد بجٹ کی سینٹ اجلاس سے منظوری لی جاتی تھی، گورنر خیبرپختونخواشاہ فرمان کے نوٹس لینے کے بعد گورنر سیکرٹریٹ سے تمام یونیورسٹیوں کومراسلہ جاری کیا گیا تھا کہ وہ اپنا آئندہ مالی سال 2021-22 کابجٹ ترجیحات اورضروریات کے مطابق تیارکرکے رواں مہینے جون کے اختتام تک سینٹ اجلاس میں پیش کریں جس کیلئے جون کے مہینے میں تمام یونیورسٹیوں کے سینٹ اجلاس کاباقاعدہ شیڈول جاری کیاگیاتھا۔

واضح رہے کہ گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان شروع دن سے صوبہ کے اعلی تعلیمی اداروں کو مالی مسائل سے باہر نکالنے کیلئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا کا کہناتھاکہ وہ تمام یونیورسٹیوں کو مالی وانتظامی طور پر مضبوط اور خودمختار دیکھناچاہتے ہیں، بجٹ کی ترجیحات اوراخراجات کے مطابق بجٹ کی بروقت تیاری اور منظوری، درست اخراجات کے ساتھ ساتھ مالی مسائل سے یونیورسٹیوں کو نکال سکتی ہے۔