پشاور،11 جون(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے نئے آئی جی پی معظم جاہ انصاری نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، سینٹرل پولیس آفس پہنچنے پرپولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ آئی جی پی نے سینٹرل پولیس آفس میں پولیس شہداءکی یادگار پر پھول چڑھائے اور پولیس شہداءکے درجات کی بلندی اور ملک کی یکجہتی و سلامتی کے لیے دعا مانگی۔
سنٹرل پولیس آفس میں تعینات اعلیٰ پولیس حکام سے خطاب کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم ورک پر یقین کرتے چلے آئے ہیں اور کہا کہ ہم سب کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہوگا اور ہر ایک کو اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اس کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی وابستہ توقعات پر پورا اُترتے ہوئے ان کے جان و مال کا تحفظ اور بنیادی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانا ہوگا۔
پولیس فورس کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال دلیر فورس ہے اور اس میں ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف جس دلیری اور شجاعت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ اس کی مثال پوری تاریخ میں نہیں ملتی اور پوری دنیا خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دے کر ایک سنہری تاریخ رقم کی ہے۔ ہم سب کو اُن کے مقدس خون کا لاج رکھنا ہوگا اس کے لیے ہمیں ہر محاذ پر اُنکے نقش قدم پر چل کر جرات و بہادری کا بے مثال عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہمیں خلوص نیت اور سخت محنت کو اپنا شعار بنانا ہوگا اور پولیس قربانیوں سے حاصل کردہ فورس کی بہترین ساکھ کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فورس کی بہتری کے لیے ہر فرد کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
خیبر پختونخوا پولیس کے لیے انہوں نے چار زریں اصولوں کو بنیاد قرار دیا، جن میں دیانت ، خدمت، عزت اور محنت شامل ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بحیثیت سالار تعیناتی کو وہ اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
معظم جاہ انصاری اس سے پہلے بحیثیت کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
معظم جاہ انصاری نے بین الاقوامی تعلقات عامہ میں ماسٹر کی ڈگری اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن کی ہے۔ نومبر 1989 کو بحیثیت پی ایس پی آفیسر پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی۔
معظم جاہ انصاری ایک سنیئر تجربہ کار، پروفیشنل اور محنتی پولیس آفیسر ہیں اور آپ نے ملک کے اندر اور باہر سے بہت سے تربیتی کورسز مکمل کئے ہیں۔ آپ چاروں صوبوں کی پولیس، ایف سی، انٹیلی جنس بیورو اور ایف آئی اے میں اہم عہدوں پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں۔ ابتدائی تربیتی کورس مکمل کرنے کے بعد آپ زیرتربیت اے ایس پی تعینات ہوئے۔ جنوری 1992 میں اے ڈی او ایف سی ہنگو تعینات رہے۔1993 سے آپ پنچاب میں ملتان، فیصل آباد اور لاہور میں بحیثیت اے ایس پی تعینات رہے۔ 1995 میں آپ ایس پی ریلویز راولپنڈی تعینات رہے۔ آپ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی، ایس ایس پی ویسٹ کراچی، ریجنل پولیس کمانڈر یواین مشن بوسنیا، ایس ایس پی حیدر آباد، ڈی او ایف سی سوات، ڈی او ایف سی پشاور، ڈی او ایف سی سندھ، ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ، ڈی آئی جی گوادر، جوائنٹ ڈائریکٹرجنرل بلوچستان اور آئی جی پی بلوچستان تعینات رہے۔