رحیم یار خان؛ خانپور میں تشدد کا شکار ہونے والی پولیو ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

33

رحیم یار خان، 12  جون (اےپی پی ): خانپور میں تشدد کا شکار ہونے والی پولیو ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام،پولیو ٹیم کو فرائض کی ادائیگی کے دوران خانپور محلہ زہریاں میں تشدد کا نشانہ بنایا گیاتھا، تشدد اور ہراسمنٹ کا نشانہ بننے والی پولیو ٹیم کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گارڈ آف آنر پیش کیا گی۔پولیو ورکرز، پولیس اور سیکورٹی برانچ کے عملہ کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے خصوصی طور پر شرکت کی اور پولیو ٹیموں ، پولیس جوانوں کو پھول اور نقد انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر   انہوں نے کہا کہ  پولیو ورکرز ہمارے قومی ہیرو ہیں   اور ان کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں  نے پولیو ورکرز شدید موسمی حالات میں ہمارے مستقبل کے معماروں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے فریضہ کی ادائیگی کر رہے ہیں،پولیو کا ارض پاک سے خاتمہ صرف حکومت نہیں معاشرے کے ہرطبقہ کی ذمہ داری ہے۔

 ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ  والدین اپنے بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے پولیو ٹیموں کا ساتھ دیں۔ انہوں نے  کہا کہ خانپور میں   پولیو ٹیم پر تشدد کا واقع افسوسناک ہے ،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار نے واقع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کمشنر بہاولپور ڈویژن سے واقع کی فوری رپورٹ طلب کی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت پر معمور پولیس جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں،آج کی تقریب کا مقصد اپنی پولیو ٹیموں اور سیکورٹی اداروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ہیلتھ ورکرز اور سیکورٹی اداروں کو یقین دلانا ہے کہ حکومت اور قوم آپ کے ساتھ ہے، ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ  پولیو ٹیموں پر حملہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

پولیو ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف چھینہ ، اے ایس پی سلیم شاہ سمیت دیگر افسران  نے شرکت  کی ۔