رحیم یار خان،08جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے تحصیل لیاقت پور کا تفصیلی دورہ کیااوراسسٹنٹ کمشنر آفس لیاقت پور میں اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور محکمانہ سروسز میں بہتری کے لئے تحصیل سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں، حکومت دیہی و شہری آبادی کی یکساں ترقی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیل افسران اپنے محکموں میں سروس ڈلیوری کو بہتر بنائیں، تحصیل سطح پر شہریوں کے مسائل حل کئے جائیں تو ضلعی سطح پر دبائو کم ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیلوں میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جائے، تمام سرکاری محکموں کے افسران اور ماتحت عملہ کی سو فیصد ویکسین ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران، امن کمیٹی ممبران، عوامی نمائندگان کو ویکسین کے حوالہ سے آگہی مہم میں شامل کیا جائے، ویکسین نہ لگوانے کی صورت میں ملازمین کی تنخواہیں بند جبکہ نجی سیکٹر کو کاروبار نہیں کرنےدیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر خرم شہزاد نے کہا کہ تحصیل ہسپتال اور دیگر سرکاری ہسپتالوں میں سروسز معیار کو بہتر بنایا جائے۔ ڈاکٹرز ، طبی عملہ اور ادویات ہمہ وقت دستیاب ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز حکومتی واجبات وصولی کی مہم میں سو فیصد اہداف کا حصول یقینی بنائیں ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز پولیو مہم کے بھی سو فیصد اہداف حاصل کریں جبکہ تحصیلوں میں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں کی مانیٹرنگ کی جائے، ترقیاتی منصوبوں کے معیار و مقدار کا خیال اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے تحت بننے والے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہونے چاہیے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا سمیت ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اشفاق احمد سمیت محکمہ صحت و تعلیم کے افسران شریک ہوئے۔