لاہور،17جون(اے پی پی): صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر تک محکمہ تعلیم پنجاب کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا، اساتذہ کے تمام معاملات ٹیکنالوجی کی مدد سے آن لائن کر دئیے ہیں تاکہ وہ اپنی پوری توجہ بچوں کی تعلیم پر دے سکیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ایوان قائداعظم جوہرٹاﺅن میں سٹیم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی) مقابلوں کی تقریب انعامات تقسیم سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیرتعلیم نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے یکساں نظام تعلیم کا نفاذ بھی عمل میں لایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے محکمہ تعلیم کو دانستہ طور پر تباہ کیا گیا،جب حکومت ملی تو محکمہ تعلیم پنجاب میں ٹیکنالوجی کا نام و نشان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ نصابی کتب کو ہر سال اپڈیٹ کیا جائے گا، رواں سال کے آخر تک سکول ایجو کیشن ڈپارٹمنٹ میں آئی ٹی کا اپنا سسٹم بنا رہے ہیں جس کے بعد اساتذہ کی پرموشن کے علاوہ تمام چیزیں آن لائن کردی جائیں گی۔
ڈاکٹرمراد راس نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں بڑی حد تک کرپشن پر قابو پا لیا گیا ہے ، تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے خلوص نیت سے کام کررہی ہے،آئندہ 2برسوں میں محکمہ تعلیم میں کرپشن کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم پاکستان کا دوسرا بڑا شعبہ ہے لیکن ماضی کی حکومتوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی اور 2019 میں اس محکمہ میں ویڈیو کانفرنس کی سہولت تک موجود نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آپ کے پاس محکمہ کا ڈیٹا نہیں ہو گا آپ کسی بھی قسم کی پالیسیاں نہیں بنا سکتے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم آئی ٹی کی مدد سے اس محکمہ میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں، آئندہ دو سال تک سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اپنی ایپ ہو گی تمام معلومات آپ کے فون میں آ جائیں گی، اساتذہ کی اے سی آر، لیو، ریٹائرمنٹ ودیگر معاملات آن لائن کر دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ،کورونا وبا کے باعث ڈیڑھ سال مشکلات رہیں، سکول بند رہنے سے بچوں کا تعلیمی نقصان ہوا جسے پورا کرنے میں ٹائم لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں پاکستان کے پہلے سٹیم مقابلوں کا کامیابی سے انعقاد قابل دید عمل ہے۔
ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ صوبے بھر کے طلبا نے سٹیم مقابلوں میں بھرپور دلچسپی سے حصہ لیا ہے، ٹیکنالوجی کے بھرپور، مثبت اور جامع استعمال سے طلبا کو جدید طرز تعلیم دینے میں مدد ملتی ہے،طلبا و طالبات کی جانب سے سٹیم مقابلوں کے لئے 20 ہزار سے زائد ویڈیوز موصول ہوئیں ، یہ مقابلے پنجاب کے 36اضلاع کے 216سرکاری سکولوں میں کروائے گئے جن میں سے 15طلبا وطالبات نے فائنل میں کامیابی حاصل کی۔
صوبائی وزیر تعلیم نے سٹیم مقابلوں میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے 15 طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔انہوں نے انعامات جیتنے والے تمام بچوں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی ۔
تقریب میں پروگرام ڈائریکٹر پی ایم آئی یو، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ تعلیم پنجاب، ممبران ڈیفیڈ ودیگر شریک ہوئے۔ سٹیم مقابلوں کی تقریب کے دوران Stem in Punjab ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔