بہاولنگر، 30 جون ( اے پی پی): سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ رواں سال کے اختتام تک پنجاب میں آٹھ ہزار دیہی مال مراکز قائم کردیے جائیں گے اور ابتک صوبہ بھر میں 807مراکز بنادیے گئے ہیں جہاں پر فرد ملکیت کے اجرا اور زمین وجائیداد کے انتقالات کی ڈیجیٹل سروس فراہم کی جارہی ہے۔
یہ بات انہوں نے آج ضلع بہاول نگر میں دیہی مرکز مال فقیر والی ، دیہی مرکز مال قاضی والہ روڈ، دیہی مرکز مال ڈونگہ بونگہ اور ٹوبہ قلندر شاہ اور موسی بھوتہ میں دیہی مراکز مال کے دورے کے دوران کہی۔ سینئر ممبر بورڈ آف بورڈ بابر حیات تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار عوام کو شاندار سروس ڈیلیوری کے لیے کاوشیں بروئے کار لارہے ہیں اور دیہی مراکز مال کا پراجیکٹ عوام کو انکے ریونیو سرکل اور دیہاتوں میں دہلیز کے قریب حکومتی خدمات فراہم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ بننے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں امسال جولائی سے دسمبر تک ہر ماہ ایک ہزار سے بارہ سو دیہی مراکز مال قائم کرنے کا ہدف ہے جس سے فرد ملکیت کے اجرا اور زمینوں و جائیداد کے انتقالات کی کمپیوٹرائزڈ سروس میسر ہوگی اور نمبردار بھی تمام مراکز پر انتقالات کی تصدیق کے لیے موجود ہوں گےجبکہ لوکل گورنمنٹ کی سہولیات جنم پرچی ، نکاح و طلاق کے اندراج ، موضع کی مکمل رپورٹنگ کا نظام ، ڈومیسائل اور دیگر سروسز بھی دیہی مرکز مال میں جلدمہیا کی جائیں گی اور عوام الناس کو تحصیلوں اور ضلعی ہیڈکواٹرز پر جانے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔
بابر حیات تارڑ نے کہا کہ گاؤں کا ریونیو ڈیٹا، اور جرم کے ارتکاب سے لیکر مال مویشی میں کسی بیماری یا وبائی مرض ، نہر میں کٹ اور دیگر تمام تر انفارمیشن کے روزنامچے کو ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے اور ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو اسی وقت تمام واقعات کی فوری اطلاع ڈیجیٹل نظام سے ملے گی جس پر حکومتی ریسپانس کو بلاتاخیر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کی سپورٹ سے ریونیو نظام میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں اور عوام کے لیے آسانیاں لانے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں تاکہ ریونیو کلچر عوام دوست اور کسانوں کے مفاد کا ضامن ہو۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے اپنے دورے کے دوران ضلع بھر میں قانونگوئی کی سطح پر 32دیہی مال مراکز کے قیام اور لیپ ٹاپ و جدید سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی کی کوششوں اور محنت کو سراہا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عابد حسین بھٹی اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز محمد طیب اور عثمان منیر بخاری بھی موجود تھے۔