سکھر،20جون(اے پی پی ): ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ نے کہا ہے کہ روڈ حادثات پر قابو پانے اور مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے موٹر وے پولیس موثر حکمت عملی اپنا رہی ہے اور روڈ حادثات پر خصوصاً بس حادثات میں مزید کمی کے لئے کوشاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار ایس پی موٹر وے سکھر نے مختلف بس کمپنیوں کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ موٹر وے ایس ایس پی آفس سکھر میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر خالد محمود نواز نے بھی شرکت کی۔
میٹنگ کا مقصد بسوں کے روڈ حادثات پر قابو پانے سمیت موئثر حکمت عملی کے ساتھ مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ٹرانسپورٹر حضرات اور موٹر وے پولیس مل کرکمیونٹی پولیسنگ کے تحت اپنا اپنا کردار ادا کریں۔
ایس پی جاوید اقبال چدھڑ نے مزید کہا کہ سکھر سیکٹر میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہتر پولیسنگ اور متعدد آگاہی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں، جس سے مسافروں کو نہ صرف ٹریفک کے قوانین کے حوالے سے آگاہی مل رہی ہے، بلکہ روڈ حادثات میں بھی مزید کمی ہورہی ہے۔موٹر وے پولیس چوبیس گھنٹے نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر مسافروں کو محفوظ سفر فراہم کررہی ہے۔