زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

22

اسلام آباد،10جون (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ زراعت کا شعبہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، مڈل مین کے کردار کا تدارک اور کسان کو سستے داموں کھاد اور بیج کی فراہمی سے کسان خوشحال ہو گا اور زرعی پیداوار بڑھے گی ۔

ان خیالات  کا اظہار  اسپیکر قومی اسمبلی نے جمعرات کو یہاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  سے ملاقات  میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ عوام اور کسان دوست ہو گا۔  ملاقات میں پنجاب میں جاری میگا پراجیکٹس اور آئندہ بجٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پنجاب کا بجٹ عوام اور کسان دوست ہو گا، صحت کارڈ سے عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم ہو گی۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ  پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خصوصی زراعت کمیٹی قائم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی کمیٹی نے کسانوں کو رعایتی نرخوں پر قرضہ جات کی فراہمی کی سفارش کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پنجاب میں گندم کی بمبر فصل کو سراہا اور کہا کہ کسان کی خوشحالی میں ملک کی خوشحالی ہے۔

 سپیکر نے پنجاب کے دو ڈویژنوں میں صحت کارڈ کے اجراء پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی تعریف کی۔