ریاض،30 جون ( اےپی پی): سعودی عرب میں بھی اب انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جانے کے امکان روشن ہوچلے ہیں ۔سعودی وزارت سپورٹس کی جانب سے پہلی مرتبہ سعودی عربین کرکٹ سینٹر کے ساتھ ملکر کرکٹ کا میگا ایونٹ کروایا گیا جس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان مار لیا۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں وزارت سپورٹس اور سعودی عربین کرکٹ سینٹر کی جانب سے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چیمپین شپ کھیلی گئی سعودی عرب بھر میں چار سو کرکٹ ٹیموں نے میچز کھیلے جبکہ فائنل میچ کا ٹاکرا ارکان سپورٹس اور پنجاب گرین الیون کے درمیان ہوا، میچ کو دیکھنے کے لئے سعودی وزارت سپورٹس کے اعلی حکام کے علاوہ کرکٹ سینٹر کے چیرمین پرنس سعود بن مشعال ،عبداللہ بن سلطان بن ناصر بن عبدالعزیز آل سعود سعودی کرکٹ فیڈریشن کے صدر ندیم ندوی علاوہ پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں جبکہ شائقین کرکٹ کی بھی بڑی تعداد میچ دیکھنے پہنچی،
فائنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنجاب گرین نے فائنل میچ اپنے نام کر لیا ،تقسیم انعامات کی تقریب میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو انعامات دینے کے علاوہ پنجاب گرین کی ٹیم کو وئننگ ٹرافی بھی دی گئی جس پر کھلاڑیوں نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔