اسلام آباد ، 02 جون (اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ سماجی تحفظ اور غربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیر اعظم عمران خان سیاحت کے فروغ کو بہت ترجیح دیتے ہیں،ہمارا خیال ہے کہ سیاحت کا فروغ لوگوں کو غربت کے چنگل سے نکلنے میں مدد دیتا ہے ۔
بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے غربت کا خاتمہ کس طرح ممکن ہے اس حوالے ایک سیشن منعقد کیا گیا ہے، جس میں سات ممالک نے شرکت کی، سیاحت کے فروغ کے لئے کوڈ 19 کی وجہ سے جہاں بہت سے مسائل ہیں وہاں بہت سے مواقع بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سات ملکوں نے اتفاق کیا ہے کہ ہم مل کر ایک لائحہ عمل بنائیں کہ کس طرح ہم سیاحت کے فروغ کے لئے مل کے کام کریں گے تاکہ اس سے فائدہ اٹھا کے خطے سے غربت کا خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ کوڈ کی وجہ سے سیاحت بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ اور جیسے ہی ہم کرونا وائرس کی تیسری لہر سے نجات حاصل کریں گے تو لوگوں کو مزید روز گار کے مواقع ملیں گے اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔