سندھ میں اگلی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

10

کراچی ،20جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سندھ میں اگلی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی، اس وقت پاکستان کا کوئی لیڈر ہے  تو وہ عمران خان ہیں، آج تک پاکستان کے کسی لیڈر نے افغانستان پر اتنی واضح پالیسی نہیں دی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم پارلیمان کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، پارلیمنٹ مضبوط ہو گی تو فیصلے پارلیمنٹ میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے کرکٹ کے اندر آزاد ایمپائر متعارف کرائے، ایک ایسا میکنزم دیا جس پر تمام لوگوں کا اعتبار اور اعتماد ہو، یہی بات ہم ہر الیکشن میں کرنا چاہتے ہیں، یہاں ہر الیکشن متنازعہ ہوتا ہے، ہم ایک ایسا نظام وضع کرنا چاہتے ہیں جس میں ہارنے اور جیتنے والا نتائج تسلیم کرے۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ ہم نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے 49 پوائنٹس پر مشتمل اپنا مسودہ پارلیمنٹ میں جمع کروایا جو گزشتہ سال اکتوبر سے پارلیمنٹ میں موجود ہے، بدقسمتی سے اپوزیشن اس پر بات کرنے کو تیار نہیں، اب وہ آل پارٹیز کانفرنس کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے بل پر پارلیمنٹ کے باہر غیر منتخب لوگوں پر انحصار کر کے پارلیمنٹ کو کمزور کریں گے تو اس سے جمہوریت کمزور ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا  کہ    پی پی پی  نے ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بے نظیر بھٹو شہید کی پارٹی کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، پیپلز پارٹی جو کبھی وفاق کی جماعت تھی، اسے صوبائی جماعت بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پانی چوری کر رہے ہیں اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ باقی لوگ ان کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بدقسمتی سے سندھ کے سب سے بڑے دشمن سندھ پر راج کر رہے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے  کہا کہ آج پاکستان کے پاسپورٹ کی عزت اور قدر ہے، ہم نے ایک گری ہوئی معیشت کو سہارا دیا، آئندہ مالی سال میں ہماری معیشت 6 فیصد تک ترقی کرے گی۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پریس کلب اور صحافیوں کی جدوجہد کی ایک تاریخ ہے، انہوں نے پریس کلب کو اپنی جدوجہد کا دارالخلافہ بنایا، صحافیوں نے جمہوریت اور پاکستان کی اساس کے لئے تاریخ رقم کی۔کراچی پریس کلب آزادی صحافت کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر کے صحافیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعظم کی نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم اور کامیاب جوان پروگرام میں صحافیوں کے لئے خصوصی پیکیج متعارف کروائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحافیوں کو ڈیجیٹل صحافت کی تربیت فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں، کراچی پریس کلب سے بھی کہا ہے کہ اگر وہ صحافیوں کے لئے شارٹ کورسز کروانا چاہیں تو اس کے لئے پارٹنر شپ کی جا سکتی ہے۔