کراچی، 27 جون (اے پی پی ): تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کے بجٹ پر تنقیدی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر ڈیپارٹمنٹ سے متعلق ایک چارج شیٹ تیار کی ہے ،کراچی تھرپارکر لاڑکانہ کی چارج شیٹ بھی تیار کر رہے ہیں یہ جھوٹا بجٹ ہم نہیں چلنے دیں گے ۔
سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات میں ہونے والی کرپشن پر بھی بات کریں گے، عبداللہ شاہ سے لیکر یونس میمن تک کے سسٹم کو بھی زیر بحث لائیں گے، جنگلات کی لاکھوں ایکڑ زمین برباد کر دی گئی جبکہ صحت، تعلیم، لائیو اسٹاک میں کی گئی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں گے، سندھ کارڈ استعمال کرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے اداروں نے گمنام سرکاری اکاﺅنٹ بنائے ہیں جنہیں غیر متعلقہ لوگ آپریٹ کر رہے ہیں زکوٰۃ اور اوقاف میں کی گئی گڑ بڑ کو بھی عوام کے سامنے رکھیں گے ۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین اپوزیشن لیڈر کا حق ہوتا ہے مگر انہوں نے بنایا کن کو ہے؟ فریال تالپور اور شرجیل انعام میمن کو، مطلب دودھ کی رکھوالی پر بلی کے مترادف والی بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی نمائندہ پبلک اکانٹس کمیٹی میں نہیں ہے، یہ وہ رویے ہیں جن کی وجہ سے سندھ میں جمہوریت قتل ہو گئی مگر ہم جمہوریت کے قاتلوں کو معاف نہیں کریں گے یہ کسی کی میراث نہیں کہ جیسے مرضی آئے چلائے اور ہم خاموش رہیں گے ہم عدالتوں سے رجوع کریں گے اور ہر مسئلے پر پٹیشن دائر کی جائے گی۔