سکھر:ذاتی مفادات کے خاطر پورے صرافہ بازار کا ماحول خراب کرنے نہیں دینگے، نومنتخب صدر حاجی جاوید میمن

33

سکھر،09جون(اے پی پی): صرافہ بازارکے نومنتخب صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کے خاطر پورے صرافہ بازار کا ماحول خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، تاجر برادری ہمیشہ پر امن رہی ہے اور پر امن رہے گی۔ چند شرپسند عناصر صرافہ بازار کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے ہمیشہ مخالفین کی رائے کا بھی احترام کیا ہے، احترام والی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ صرافہ بازار کا ہر تاجر میرا بھائی ہے اور ہم نے ہمیشہ مشترکہ مفادات کو اہمیت دی ہے۔ اجلاس میں صرافہ بازار کے سینئررہنماﺅں حاجی غلام شبیر بھٹو، چاچا اسلام، ذاکر خان سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

حاجی محمد جاوید میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرافہ بازار کے 2021ءکے الیکشن کو ہنگامہ خیز بنانے میں چند سیاسی پارٹیوں اور کچھ شر پسند عناصر کا ہاتھ تھا۔ لیکن الیکشن کے نتائج نے ان کو ان کے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ میں نے صرافہ بازار کے تاجروں کے مسائل کو ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے اور کبھی بھی کوئی فیصلہ اکیلے نہیں لیتا بلکہ بڑے سے بڑا تاجر ہو یا چھوٹے سے چھوٹا اس کی رائے کو ضرور شامل کرتا ہوں۔