سکھر۔23جون(اے پی پی )سندھ رورل سپورٹ آرگنائیزیشن اور سکھرآئی بی اے یونیورسٹی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت دونوں ادارے اپنے تجربات ، تخلیقات ،ہنرمندی اورتربیت کے حوالے سے ایک دوسرے کی مدد اور باہمی تبادلہ کریں گے۔اس سلسلہ میں یاداشت نامہ پردستخط کرنے کی تقریب کا انعقادکیا گیا۔یہ تقریب سکھرمیں واقع سندھ رورل سپورٹ آرگنائیزیشن (سرسو) کے ہیڈآفیس میں ہوئی۔
تقری میں آئی بی اے یونیورسٹی سکھرکی جانب سے وائیس چانسلرپروفیسرڈاکٹرسیدمیرمحمدشاہ اور سرسوکی جانب سے چیف ایگزکٹوآفیسرمحمدڈتل کلہوڑو نے یاداشت نامہ پر دستخط کئے۔یاداشت نامہ کے تحت دونوں ادارے سندھ میں اپنے تجربات، تربیت، ہنرمندی اور تخلیقات کی تلاش کے سلسلہ میں ایک دوسرے کی مدداور ان کا باہمی تبادلہ کریں گے۔اس کے لئے صلاحیت سازی ، تحقیق کرنے، کامیاب کہانیاں لکھنے ،انٹرشپ، آخری سال کے پروجیکٹس اور دیگرشعبوں میں تعاون بڑھائیں گے تاکہ ترقی اور کمیونٹی خدمات میں بہترکام کیا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائیس چانسلرپروفیسرڈاکٹرسیدمیرمحمدشا ہ نے کہا کہ سرسو اور سکھرآئی بی اے یونیورسٹی کا کمیونٹی خدمات اور ترقی کا مشن ایک ہی ہے،دونوں ادارے اپنے شعبہ جات میں وسیع تجربہ ، وسائل اور مواقع رکھتے ہیں، آئی بی اے کے پاس ماہرفیکلٹی ہے، پروفیشنل تربیت کے ادارے اور کاروباری ترقی کے وسائل موجود ہیں،جبکہ سرسو کے پاس کمیونٹی ترقی اور غربت میں کمی لانے کا عملی تجربہ اور معلومات دستیاب ہے۔اس لئے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او سرسومحمدڈتل کلہوڑو نے کہا کہ ہم دونوں اداروں کے تحت کافی عرصہ سے غیررسمی طورپر کئی شعبوں میں ملکرکام کررہے تھے، سرسوکو جب بھی کسی مدداور رہنمائی کی ضرورت پڑی ہے توآئی بی اے نے ہماری بھرپورمددکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم پروفیسر نثاراحمد صدیقی ہمارہ مشترکہ سرمایہ تھے،بحیثیت بورڈممبرسرو انہوں نے ہمیشہ سرسوکی رہنمائی کی اور سرسوٹیم کوبے حدمتاثرکیا۔انہوں نے کہا کہ سرسوکودیہی سظح پر کام کرنے کا بہترین تجربہ ہے ،یہ تنظیم سندھ کے 15 اضلاع میں مقامی تنظیموں کا وسیع نیٹ ورک بھی رکھتی ہے۔