سکھر،01جون(اے پی پی ): سندھ ہائی کورٹ سکھر نے قبضوں کی زمینوں کو پانی دینے پر چیف انجینئر کوٹری بیراج اور ایکسیئین کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ،آئی جی سندھ ، آئی جی اسلام آباد کو با اثروڈیرے سرفراز نظامانی کو گرفتارکر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
منگل کو سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ میں محکمہ جنگلات کی زمینوں پر قبضوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔جسٹس آفتاب گورڑ اور جسٹس فہیم صدیقی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے پوچھا کہ با اثرشخص سرفراز نظامانی کو پیش کیوں نہیں کیا گیا۔جس پر ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار نے عدالت کو بتایا کہ سرفراز نظامانی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے مگر وہ نہیں مل رہا۔ پتہ چلا ہے کہ وہ اسلام آباد میں چھپا ہوا ہے۔عدالت نے آئی جی سندھ ، آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا کہ ٹنڈوالہٰ یار کے وڈیرے سرفراز نظامانی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے، عدالت نے سماعت 6 جولائی تک ملتوی کر دی۔
اے پی پی /اطہراللہ /قرۃالعین