سی پیک کے تحت 660 کے وی  مٹیاری لاہور ہائی پاور ٹرانسمیشن کی ٹیسٹنگ کا مرحلہ شروع

38

اسلام آباد،25جون  (اے پی پی):چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت 660 کے وی  مٹیاری لاہور ہائی پاور ٹرانسمیشن کی ٹیسٹنگ کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے جس کے ذریعے 4ہزار 400 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کی جائے گی، ٹرانسمیشن لائن کا کمرشل آپریشن یکم ستمبر سے شروع ہو گا۔ اس سلسلہ میں جمعہ کو ہائی پاور ٹرانسمیشن کی ٹیسٹنگ کے آغاز پر یہاں اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کاانعقاد کیا گیا  جس میں متعلقہ  چینی کمپنیوں کے  حکام نے ورچوئل شرکت کی۔

تقریب میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر ، سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹینٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رانگ ، سیکرٹری پاور ڈویژن علی رضا بھٹہ، مینجنگ ڈائریکٹر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی محمدایوب ، پرائیویٹ پاور اینڈ سٹرکچر بورڈ کے ایم ڈی شاہ جہاں مرزا، مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام اور نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب سے  خطا ب  میں  وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی 7 عشروں سے زائد عرصہ پر محیط ہے ، 1951 میں پہلی مرتبہ پاکستان کے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد نے چین کا دورہ کیا تھا،رواں سال دونوں ممالک نے حال ہی میں سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ منائی ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی تعلیم ، بجلی ، سیاحت ، تجارت ، دفاع اور صحت اور سی پیک کے منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ660 کے وی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن ہمارے ترسیلی ڈھانچے میں ایک نئی ٹیکنالوجی ہے اور اس کے ذریعے سندھ میں واقع بجلی گھروں سے ملک کے دیگر علاقوں کو بجلی فراہم کی جائے گی۔

وفاقی   وزیر نے کہا کہ  یہ منصوبہ بجلی کے نظام کو مضبوط بنانے  اور پاکستان میں بجلی کے بحڑان پر قابو پانے کے لئے بجلی کی ترسیل کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ کورونا وبا کے باوجود یہ منصوبہ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے اور اس سے بجلی کے صارفین کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک پاکستان کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس سے ملک کو صنعتی پیداوار بڑھانے ، بجلی اور مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے اور علاقے کے ساتھ رابطہ بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک سے پاکستان اور دنیا میں روزگاراور سرمایہ کاری  کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ موجودہ حکومت سی پیک کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

 وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ رواں ماہ 24 ہزار 633 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبےکی کامیابی پر این ٹی ڈی سی کی انتظامیہ ، پی پی آئی ڈی، پاکستان مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن کمپنی اور چین کی سٹیٹ گرڈ کارپوریشن کی محنت قابل تعریف ہے ۔ انہوں   نے کہاکہ مٹیاری لاہور ایچ وی ڈی سی پراجیکٹ سے ہائی پاور ٹرانسمیشن کا عمل کامیابی سے شروع ہو گیا ہے۔

مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کی لو پاور  ٹیسٹنگ 800 میگاواٹ سے شروع کی گئی اور 2200 میگاواٹ تک اس کی ٹیسٹنگ کامیابی سے مکمل ہوئی ، اس کے بعد ہائی پاور ٹرانسمیشن کا مرحلہ باضابطہ طورپر شروع ہو گیا ہے ۔ یہ منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ملک میں ہائی پاور ٹرانسمیشن کا پہلا منصوبہ ہے۔ جس میں چینی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی حصہ لیا ہے اور کورونا وائرس  کی  وبا کے باوجود اس منصوبے پر کام کی رفتار میں کوئی کمی نہ ہوئی۔ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے برادارانہ تعلقات اور قریبی دوستی کا عکاس ہے۔ رواں سال یکم ستمبر سے اس کا کمرشل آپریشن شروع ہو جائے گا۔ مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن منصوبہ بنائو، چلائو اور منتقل کرو کی بنیاد پر مکمل کیا جا  رہا ہے اور یہ 25 سال کے بعد باقاعدہ طورپر پاکستان کو منتقل ہو جائے گا۔