شہروں کے پھیلائو کو روکنا ضروری ہے، اس کیلئے بلند عمارتیں تعمیر کی جائیں، اس عمل کو آسان بنایا جائے ؛وزیراعظم عمران خان

11

اسلام آباد،21جون  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہروں کے پھیلائو کو روکنا ضروری ہے، اس کیلئے بلند عمارتیں تعمیر کی جائیں، اس عمل کو آسان بنایا جائے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پیر کو نیو بلیو ایریا کے دورے اور جاری تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے دوران بلڈرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد پھیلتا جا رہا ہے، شہر جتنے زیادہ پھیلتے ہیں ان میں سیوریج سسٹم ، صحت و صفائی سمیت مختلف شہری سہولیات کی فراہمی مشکل ہو جاتی ہے اور آلودگی کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ اسلام آباد کے پھیلائو کو روکیں اور بلند عمارتیں تعمیر  کی جائیں اور  شہروں کے پھیلائو کو بڑھنے سے روکا جائے۔

  انہوں نے کہا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ کے مسائل کو باقاعدگی سے حل کریں اور عمارتوں کو بلند کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے اس کیلئے فیس مقرر کی جائے اور اس عمل کو آسان بنایا جائے۔

وزیراعظم نے بلڈرز سے استفسار کیا کہ حکومتی اقدامات سے ان کیلئے کیا آسانیاں پیدا ہوئی ہیں جس پر ایک بلڈر نے انہیں بتایا کہ حکومت کی تعمیرات دوست پالیسیوں سے بہت فائدہ ہوا ہے، حکومت نے ٹیکس کو 10 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کر دیا ہے، یہ ایک اچھی شروعات ہے جس پر ہم حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  سی ڈی اے نے اس حوالہ سے اعتماد سازی کے اقدامات کئے ہیں، اب پری بڈ یا پری آکشن اجلاس بلایا جاتا ہے پہلے ایسا نہیں تھا، فی مربع فٹ فکس ٹیکس بھی ایک اچھا اقدام ہے۔