اسلام آباد ،25 جون (اے پی پی ):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کورس کےغیرملکی شرکاء کی ملاقات ہوئی ۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری بھارت میں بلیک مارکیٹ میں یورینیم کی غیرقانونی فروخت کا سنجیدگی سے نوٹس لے، تابکار مادہ غلط ہاتھوں میں انسانی جانوں اور اقوام کی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے اتنا اہم واقعہ نظراندازکرنا قابل افسوس ہے، پاکستان امریکہ کو افغانستان کے خلاف اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کو شکست دی ، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ، پاکستان نے اس جنگ میں 70،000 جانیں اور 150 بلین ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کیا، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے ، ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا، پاکستان افغانستان میں طویل تنازع سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
پاکستان شروع سے افغان مسئلے کے مذاکرات کے ذریعے حل کا حامی رہا ہے، جنگ تنازعات کا حل نہیں ہے کیونکہ اس سے انسانی اذیت اور تکلیف میں اضافہ ہوتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کورونا میں مکمل لاک ڈاؤن نہ کرکے ہمدردانہ اور اچھا فیصلہ کیا۔
احساس پروگرام کے تحت 1.5 کروڑسے زائد خاندانوں کو غربت اور افلاس سے بچانے کے لئے ہنگامی طور پر نقد امداد فراہم کی، پاکستان درست سمت میں گامزن ، علاقائی تجارت اور معاشی انضمام کے فروغ کے لئے کام کررہاہے، صدر مملکت
پاکستان اپنی خصوصی جیو اقتصادی پوزیشن کو بروئے کار لاکر خطے کا جیو اقتصادی مرکز بننے جارہاہے۔
اے پی پی /حمزہ/ریحانہ