اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کیپٹن (ر) زاہد سعید نے ملاقات کی اور سال 2018ء اور سال 2019ء کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن افضل لطیف اور سیکریٹری ایف پی ایس سی ہمیرا حمد نے بھی شرکت کی۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں اقلیتوں کیلئے مختص 98آسامیاں خالی ہیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ سال 2018ء میں 3200 آسامیوں پر تقریباً 741،000درخواستیں موصول ہوئیں۔ سال 2019ء میں 3600 آسامیوں پر 8 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، گلگت بلتستان کے امیدواروں کی سہولت کیلئے انٹرویو ز گلگت بلتستان میں ہی لیے جائیں گے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے بھرتی کے عمل کو شفاف اور سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شفافیت کیلئے امتحانات میں معروضی سوالات کا حصہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے اقلیتوں کی سیٹیں خالی رہ جانے کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔ اسی طرح خواتین اور اقلیتوں کیلئے مختص آسامیاں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کو سراہا۔
ریحانہ