صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت  اجلاس، کے فور اور ٹی پی فورپراجیکٹس سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

10

کراچی،17جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت پینے کے پانی کے معاملات پر گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں K4 اور TP-4 پراجیکٹس سے متعلق تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل ، ایم پی اے حلیم عادل شیخ ، ایم پی اے فردوس شمیم نقوی اور حبکو کے ماہرین کی 5 رکنی ٹیم اجلاس میں شریک ہوئی۔

صدر مملکت نے کراچی میں پانی کی قلت پر اپنے خدشات کا اظہار کیا اور پانی کی کمی ختم کرنے کے لئے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب جیسے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت کی۔ اس ضمن میں پانی کے پائیدار حل کے لئے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی جس کی رپورٹ اور عملی سفارشات پر عملدرآمد کی بھی ہدایات دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندے ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔

 ماہرین کی ٹیم نے  پانی کے دستیاب وسائل ، جاری منصوبوں اور مستقبل کی اسکیموں کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی۔ حبکو ٹیم نے صدر مملکت کو کراچی سمیت صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں ریورس اوسموس پلانٹس کی ممکنہ تنصیب کے حوالہ سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔