صدر ڈاکٹر عارف علوی سے عالمی بینک کے ڈائریکٹر برائے پاکستان کی ملاقات

14

اسلام آباد۔28جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں در پیش بڑھتی آبادی اور خصوصی افراد کی مالی شرکت جیسے مسائل پر بین الاقوامی ڈونرز کی مدد سے قابو پایا جا سکتا ہے،حکومت خواتین کو مالی طور پر مستحکم اور خودمختار بنانے کیلئے قرض کی فراہمی اور ہنرمند بنانے پر توجہ دے رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی بینک کے ڈائریکٹر برائے پاکستان نجی بنہاسین سے ملاقات کے دوران کیا۔صدر مملکت نے کہاکہ ملک کو درپیش بڑھتی آبادی  اور خصوصی افراد کی سہولت اور مالی شرکت بڑے چیلنجز ہیں ، بڑھتی آبادی اور خصوصی افراد کی مالی شرکت جیسے مسائل پر بین الاقوامی ڈونرزکی مددسے قابو پایا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کنٹری ڈائریکٹر کو خواتین کی معاشی خودمختاری اور خصوصی افراد کی مالی شرکت بڑھانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی کی روک تھام کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعداد بڑھانے اور مانع حمل ادویات کی دستیابی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ عالمی بینک کے ڈائریکٹر برائے پاکستان نجی بنہاسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لئے عالمی بینک کی نئی 5 سالہ حکمت عملی لڑکیوں کی تعلیم اورقابل تجدید توانائی  پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی توجہ پانی اور زرعی شعبے کی پیداواری صلاحیت  بڑھانے ، معاشرتی اور معاشی شمولیت  یقینی بنانے جبکہ پاکستان کیلئے نئی حکمت عملی بہتر گورننس ، اسٹنٹنگ پر قابو پانے اور صاف پانی کی فراہمی پر مرکوز ہے۔