کوئٹہ،03 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو کی زیر صدارت صوبے میں امن وامان سے متعلق اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں خضدار میں ہندو تاجر کے قتل اور صوبے میں امن وامان سے متعلق موجودہ صورتحال پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مجموعی حکمت عملی اور لائحہ عمل سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاءنے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے اعلی حکام کو رونما ہونے والے واقعے اور امن و امان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے ہدایت دی کہ قیام امن کیلئے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اشتراک سے جامع پلان ترتیب دے کر قانون شکن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائیگا، متعلقہ حکام اپنے اپنے علاقوں میں لیویز پولیس اور ایف سی کی گشت کو بڑھائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے کہا کہ صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال اِس وقت تسلی بخش ہے ۔پولیس، لیویز، ایف سی اور دیگر ادارے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں خضدار واقعہ میں ہندو تاجر کا قتل افسوس ناک واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیاجائے گا اور صوبے بھر میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مجید ناصر سمیت آئی جی پولیس محمد طاہر راے،ڈپٹی کمشنر خضدار بشیر احمد بڑیچ اور ڈی آئی جی خضدارجاوید ملک نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔