کوئٹہ،28جون(اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ایس ڈی پی آٹو میشن سسٹم کا اجراءکیا ہے ، پی ایس ڈی پی ایپ کے ذریعے ہر سکیم کا بار کوڈ کے ذریعے ڈیٹا ٹریس کیا جاسکے گا،عوام کی ضروریات اور مسائل کو مد نظر رکھ کر ترقیاتی منصوبے تیار کئے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان س نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان سے ملاقات میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے صوبے میں پہلی بار ڈیجیٹل پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ معلومات تک رسائی کے ایکٹ کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے،بجٹ کی معلومات صرف اس صورت میں مفید ہے جب لوگ اسے اچھی طرح سے سمجھ سکیں اور اس مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے سٹیزن بجٹ بک تیار کی گئی ہے۔
ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے ہمیں ڈویلپمنٹ ڈائیلاگ کا آغاز کرنا ہوگا ، لائیو سٹاک زراعت کی ترقی اور پانی کو محفوظ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اشد ضروری ہے اور ہمیں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی کے پروگرامز کی جانب فوکس کرنا ہوگا ۔
ملاقات میں زراعت، لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی، نجی سرمایہ کاری، معدنیات، پانی اور فوڈ سیکیورٹی سے سمیت سماجی و معاشی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات، ایس ڈی جیز، یونیورسل ہیلتھ کارڈ، پی ایس ڈی پی آٹو میشن سسٹم اور سٹیزن بجٹ 2021-22 پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں وفاق اور بلوچستان کے درمیان ترقیاتی منصوبوں پر اشتراک کار اور روابط مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط،سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔